197

بھارت بندوق کی نوک پر آزادی کے خواب کو قید نہیں کر سکتا ، فردوس عاشق اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت بندوق کی نوک پر آزادی کے خواب کو قید نہیں کر سکتا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم یوم کشمیر استحصال منارہی ہے ، ملک کا ہر طبقہ اپنی حیثیت کے مطابق کمزور طبقے کے لیے اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے روز ہندوستان نے آر ایس ایس کے نظریے کے مطابق کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی چھاونی میں تبدیل کردیا ، کشمیر تمام پاکستانیوں کے جسم کا حصہ ہے ، ایسا ممکن نہیں جسم کا ایک حصہ تکلیف میں ہو اور دوسرے جسم کو تکلیف نہ ہو ، میرا ماننا ہے کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج حکومت تمام سیاسی جماعتیں اور ملک کا بچہ بچہ کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے ، کشمیری وزیراعظم عمران خان کو کشمیر میں  اپنا وکیل مان چکے ہیں ،  عمران خان نے  ہندوستان کا کشمیریوں کے خون سے آلودہ چہرہ دنیا کو دکھایا ، اسی عزم کے مد نظر کشمیریوں نے ان کو کشمیر میں منتخب کیا ، ہمارے سپہ سالار نے بھی کہا خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ رہیں گے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوانوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں برہان وانی جیسے جوانوں کی شہادتوں کی داستان دنیا تک پہنچائیں ، آپ سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان کا سیاہ چہرہ دنیا کو دکھائیں ، اپنے میڈیا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جو آزدانہ کشمیریوں کا موقف سب تک پہنچا رہاہے ، سرحد پار کے میڈیا سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جن کے قلم اور کیمرے پر مودی نے پابندی لگا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے کشمیریوں کے ساتھ میڈیا کو بھی قید کر رکھا ہے ، ہمارے 5 فیصد مراعات یافتہ طبقے نے 95 فیصد طبقے کو یرغمال بنا رکھا ہے ، ہماری حکومت کا ویژن ہے اس 95 فیصد کو 5فیصد سے کیسے بازیاب کروائیں ، تھانوں عدالتوں سے طاقتور طبقہ نکل جاتا ہے اور غریب ایڑھیاں رگڑتا انصاف کا متلاشی رہتا ہے ، ایسی صورتحال میں سول سوسائٹی کا رول بہت اہم ہو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک جانب حکومت اداروں میں ریفارمز لارہی ہے مگر اس کے ایپلمینٹیشن کا مسئلہ آرہاہے جس پر کام کررہے ہیں ، یہ ویلفئیر اپنی تنخواہ میں سے نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کے بچوں کو بھی حصہ دار بنا رہی ہے ، حقوق اللہ کیساتھ ساتھ حقوق العباد جب تک نہ ہوں ایمان مکمل نہیں ہوتا ، ہم جنت کے لالچ میں یہ بھول جاتے ہیں جب تک بندوں کے حقوق پورے نہ ہوں جنت نہیں ملتی ، میں یہاں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے نہیں ویلفئیر کے کام کرنیوالے ان افراد کی سرپرستی کرنے آئی ہوں ، جو اپنے لیے زندہ رہے اس کا نام نشان نہیں رہتا مگر جو دوسروں کے لیے زندہ رہے اس کا نام زندہ رہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں