
T20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے سے پاکستان پر کوئی پابندی نہیں لگ سکتی: سابق صدر آئی سی سی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ اگر ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرتی ہے تو اس پر کوئی پابندی نہیں لگ سکتی۔ احسان مانی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت نے بھی اپنی حکومت کی ہدایات پر 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا تھا تو اب پاکستان پر پابندی لگا کر دہرا معیار نہیں اپنایا جا سکتا، کہ بدقسمتی یہ ہے کہ آئی سی سی اس مسئلے سے نمٹنے کے بجائے صرف ایک تماشائی بن کر کھڑی رہی اور اس نے کھیل میں سیاست کو شامل کرنے کا دروازہ کھلا چھوڑا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے تاہم بنگلادیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر پاکستانی ٹیم 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی اور مقابلے کا بائیکاٹ کرے گی۔







